تشریح:
1۔ جب حضرت ابو موسیٰ اشعری ؓ حضرت عثمان ؓ کے عہد خلافت میں کوفہ کے گورنر بنا کر بھیجے گئے تو اس وقت یہ واقعہ پیش آیا تھا قبیلہ جَرم یمن میں رہتا تھا بعد میں کوفے بسیرا کر لیا اس تعلق کی وجہ سے حضرت ابو موسیٰ اشعری ؓ نے ان کا اعزاز و اکرام کیا۔ (عمدة القاري:349/12)
2۔ غزوہ تبوک میں شمولیت کے لیے اشعری حضرات کے پاس سواریاں نہیں تھیں اس لیے انھوں نے سواریاں کا مطالبہ کیا تھا۔ رسول اللہ ﷺ کسی اور وجہ سے ناراض تھے، اتفاق سے آپ کے پاس سواریاں نہیں تھیں اس لیے آپ نے انکار کردیا۔ حضرت ابو موسیٰ اشعری ؓ اس انکار کی وجہ سے بہت پریشان ہوئے کہ شاید آپ مجھ پر کسی وجہ سے ناراض ہیں۔ (صحیح البخاري، المغازي، حدیث:44۔15)
3۔ اس روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے پاس غنیمت کے اونٹ آئے تھے جبکہ دوسری روایات میں ہے کہ آپ نے انھیں حضرت سعد ؓ سے خریدا تھا۔ (صحیح البخاري، المغازي، حدیث:44۔15) ممکن ہے کہ حضرت سعد ؓ کو غنیمت کے مال سے بطور حصہ اونٹ ملے ہوں اور آپ نے ان سے خرید کیے ہوں۔ واللہ اعلم۔
4۔ اونٹوں کی تعداد کے متعلق بھی اختلاف ہے بعض میں پانچ اور کسی میں چھ ہے بعض روایات میں ہے کہ آپ نے دو، دو کر کے انھیں عطا فرمائے۔ ممکن ہے کہ اصل تو پانچ ہی ہوں اور چھٹا ویسے ہی تبعاً دے دیا ہو۔ متعدد واقعات بھی ہو سکتے ہیں۔ واللہ اعلم۔