تشریح:
الاخری یہ حدیث کسری کو خط لکھنے کا تکملہ ہے کہ کسری کو اس کے بیٹے شیرویہ نے نو ہجری گیارہ جمادی کو قتل کر دیا چھ ماہ تک وہ ایران کا بادشاہ رہا۔ ایک دن خزانے میں اسے ایک دوا کی شیشی ملی جس پر "قوت باہ کی دوا" لکھا ہوا تھا۔ اس میں زہر تھا۔ شیرویہ نے اسے کھایا تو ہلاک ہو گیا۔ اس کے بعد شقوت و بد بختی اس خاندان کا مقدر بن گئی ۔ سربراہی کے لیے اس خاندان میں کوئی مرد نہ تھا تو کسری کی پوتی، شیرویہ کی بیٹی بوران کو ملک کا حکمران بنادیا گیا۔ اس وقت رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’وہ قوم کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی جس کی حکمران عورت ہو۔‘‘ حتی کہ حضرت عمر ؓ کے دور حکومت میں اس کا مکمل طور پر خاتمہ ہو گیا۔ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ عورت کو سر براہ مملکت بنانا جائز نہیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں برے انجام سے دوچار ہونا یقینی ہے جیسا کہ پاکستان اس کا دوبار تجربہ کر چکا ہےزنانہ حکومت کی وجہ سے ملک میں جو نحوست پھیلی ہے اس کی ابھی تک تلافی نہیں ہو سکی۔ واللہ المستعان۔