تشریح:
1۔ صلاۃ وسطیٰ سے مراد کون سی نماز ہے؟ اس کے متعلق اہل علم میں کافی اختلاف ہے۔ حافظ ابن حجرؒ نے اس کی تعیین میں تقریباً انیس اقوال لکھے ہیں اور فرمایا ہے: حافظ شرف الدین دمیاطی نے اس کے متعلق ایک مستقل رسالہ "کشف الغطاء عن الصلاة الوسطیٰ" کے نام سے لکھا ہے۔ (فتح الباري:246/8)
2- امام بخاری ؒ نے جو روایت پیش کی ہے اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اس سے مراد نماز عصرہے کیونکہ غروب آفتاب سے پہلے نماز عصر ہی پڑھی جاتی ہے بلکہ ایک روایت میں صراحت ہے کہ انھوں نے ہمیں صلاۃ وسطیٰ یعنی نماز عصر ادا کرنے سے مشغول رکھا۔ (صحیح مسلم، المساجد، حدیث1426۔(628)) نیز اس روایت سے نماز کی بروقت ادا ئیگی کی اہمیت کا پتہ چلتا ہے حتی کہ بروقت ادائیگی میں حائل ہونے والوں کو سب وشتم کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے اور ان کے لیے بددعا کی جا سکتی ہے۔
3۔ امام بخاری ؓ کا اپنا رجحان بھی معلوم ہوتا ہے کہ صلاۃ وسطیٰ سے مراد نماز عصر ہے، چنانچہ سورہ رحمٰن کی تفسیرکرتے ہوئے لکھتے ہیں۔ ﴿فِيهِمَا فَاكِهَةٌ وَنَخْلٌ وَرُمَّانٌ﴾ بعض اہل علم کا خیال ہے کہ انار اور کھجورفاکحہ نہیں ہیں لیکن عرب انھیں فاکحہ ہی کہتے ہیں جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: "تم نمازوں کی حفاظت کرو خاص طور پر صلاۃ وسطیٰ کا خیال رکھو۔" اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے تمام نمازوں کی حفاظت کرنے کا حکم دیا ہے پھر نماز عصر کو اس کی خصوصی اہمیت کے پیش نظر الگ بیان کیا ہے جیسا کہ فاکحہ کے بعد انار اور کھجور کا ذکر دوبارہ کیا ہے۔ (صحیح مسلم، التفسیر، تفسیرسورة الرحمٰن) ایک روایت کے مطابق اس نماز کی ادائیگی پر جنت کی بشارت ہے۔ (صحیح مسلم، المساجد، حدیث:1438۔(635))