تشریح:
1۔ حدیث ابن مسعود سے معلوم ہوتا ہے کہ مذکورہ آیت کنویں کے معاملے میں حضرت اشعث ؓ اور ان کے مخالف کے متعلق نازل ہوئی جبکہ حضرت عبداللہ بن ابواوفیٰ ؓ کی حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ بازار میں ایک شخص نے سامان فروخت کرنے کی غرض سے جھوٹی قسم اٹھائی تو اس شخص کے متعلق یہ آیت نازل ہوئی۔ ان روایات میں کوئی تضاد نہیں کیونکہ یہ آیت عام ہے اور اس کے نازل ہونے کا سبب دونوں واقعات ہوسکتے ہیں۔
2۔ یہ بھی ممکن ہے کہ حضرت اشعث ؓ کے معاملے میں مذکورہ آیت نازل ہوچکی ہولیکن حضرت عبداللہ بن ابواوفیٰ ؓ کو بازار میں سامان فروخت کرنے کے واقعے کے بعد اس کی اطلاع ہوئی ہوتو انھوں نے سمجھا کہ یہ آیت اس واقعے سے متعلق ہے۔ مطلب یہ ہے کہ ہر ایک نے اپنے اپنے علم کے مطابق بیان فرمایا۔ (فتح الباري:269/8) واللہ اعلم۔