تشریح:
1۔ چونکہ ایک آدمی کے متعلق ایسا گمان شرعی نقطہ نگاہ سے غلط ہے، لہذا اللہ تعالیٰ نے اس قسم کے واقعے کے متعلق پوری چھان بین کا حکم دیا۔ تحقیق کے بغیر اگر چھوڑدینے میں یہ امکان ہے کہ ایک کافر جھوٹ بول کر اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوگیا ہے تو قتل کرنے میں اس امر کا بھی امکان ہے کہ ایک بے گناہ مومن تمہارے ہاتھوں مارا جائے اور تمہارا ایک کافر کو چھوڑ دینے میں غلطی کرنا اس سے بدرجہ بہتر ہے کہ تم ایک مومن کو قتل کرنے میں غلطی کرو۔ مقصد یہ ہے کہ جہاد میں پوری وضاحت کے بعد معاملہ کرنا چاہیے کیونکہ شریعت کے احکام ظاہر کے مطابق جاری ہوتے ہیں اور باطن کا معاملہ اللہ کےسپرد ہے۔ ایک مرتبہ رسول اللہ ﷺ نے اسی قسم کی بے احتیاطی پر حضرت اسامہ ؓ کو ڈانٹا تھا۔ (صحیح البخاري، الدیات، حدیث:6872)
2۔ یہ بھی واضح رہے کہ یہ حکم ہر جگہ نہیں ہے۔ دارالحرب میں اگر کوئی کافر السلام علیکم کہے اور اس کی آڑ میں اپنا مطلب نکالنا چاہے تو اس کا کوئی اعتبار نہیں ہوگا۔ اگرچہ مذکورہ واقعہ سفر میں پیش آیا تھا لیکن حضر میں بھی پوری چھان بین کرنے کا حکم ہے۔ واللہ اعلم۔