تشریح:
1۔ اس حدیث سے صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین کی وفاداری اور اطاعت شعاری کا پتہ چلتا ہے کہ حکم الٰہی سنتے ہی تائب ہو گئے شراب نوشی جن کی گھٹی میں رچی بسی تھی یہ حکم امتناعی سننے کے بعد ایک قطرہ بھی حلق میں گرانا گوارا نہ کیا۔
2۔ شراب نوشی کی وعید کے متعلق متعدد احادیث مروی ہیں۔ چند ایک حسب ذیل ہیں۔ ©۔ ''جس شخص نے شراب پی اور وہ اسی پر ہمیشگی کرتے ہوئے توبہ کیے بغیر مر گیا تو وہ اسے آخرت میں نہیں پیے گا۔" (صحیح مسلم، الأشربة، حدیث:5218۔(2003)) ©۔ "جو شخص نشہ آور چیز پیے گا تو یہ بات اللہ تعالیٰ کے ذمے ہے کہ وہ اسے طینۃ الخبال پلائے۔" صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین نے عرض کی: اللہ کے رسول اللہ ﷺ!طینہ الخبال کیا چیز ہے؟ آپ نے فرمایا: "اہل جہنم کا پسینا یا ان کے زخموں سے سے بہنے والی پیپ ۔" (صحیح مسلم، الأشربة، حدیث:5217۔(2002)) ©۔ "تین قسم کے لوگوں پر جنت حرام ہے: ہمیشہ شراب پینے والا والدین کا نا فرمان اور دیوث جو اپنے اہل خانہ میں خباثت برقرار رکھنے والا ہو۔" (مسند أحمد:69/2) ©۔ "شراب نوشی کرنے والا اگر اسی حالت میں مر جائے تو وہ اللہ تعالیٰ سے بت کی پوجا کرنے والے کی طرح ملاقات کرے گا۔" (مسند أحمد:272/1۔ والصحیحة للألباني، حدیث:677)
3۔ بہر حال شراب کو بطور دوا بھی استعمال نہیں کیا جا سکتا کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے۔ "یہ دوانہیں بلکہ بیماری ہے۔" (صحیح مسلم، الأشربة، حدیث:5141۔(1984)) اور نہ اسے سرکے میں بدلنے کی اجازت ہے۔ (جامع الترمذي، البیوع، حدیث:1294) اگر کوئی قوم شراب نوشی پر اصرار کرے تو ان سے لڑائی کرنے کا حکم ہے۔ (سنن أبي داود، الأشربة، حدیث:3683)