تشریح:
غیرت کے معنی حمیت و شرم کے ہیں آدمی اپنی بیوی کے متعلق غیرت کرتا ہے یعنی وہ نہیں چاہتا کہ غیر محرم اسے دیکھیں بلکہ وہ ان سے اپنی بیوی کی حفاظت کرتا ہے دوسرے معنوں میں غیرت یہ ہے کہ کوئی اپنے محبوب میں کسی کی شراکت کو گوارا نہ کرے۔ جس انسان میں غیرت ہو اسے غیور کہا جاتا ہے اس کے مقابلے میں دیوث ہوتا جو اپنی بیوی کے پاس اجنبی لوگوں کے آنے جانے سے شرم محسوس نہیں کرتا اور نہ اپنی بیوی کو پردے میں ہی محفوظ کرتا ہے اللہ تعالیٰ نے ایسی غیرت کے پیش نظر بے حیائی کے تمام کام حرام قرار دیے ہیں جیسا کہ مذکورہ حدیث میں اس کی صراحت ہے ایک دوسری حدیث میں رسول اللہ ﷺ کا ارشاد گرامی ہے: "اللہ تعالیٰ کو سب سے زیادہ غیرت اس بات پر آتی ہے جب وہ اپنے کسی بندے یا بندی کو زنا کرتے دیکھتا ہے۔" (صحیح البخاري، النکاح، حدیث:5221) ایک روایت میں صراحت ہے کہ حضرت عبد اللہ بن مسعود ؓ نے یہ حدیث رسول اللہﷺ سے بیان کی ہے۔ (صحیح البخاري، النکاح، حدیث:5220)