تشریح:
1۔ اگرچہ لغوی طور پر غَامَر کے معنی جھگڑے میں داخل ہونا ہے لیکن امام بخاری ؒ فرماتے ہیں کہ اس کے معنی بھلائی میں سبقت کرنے والا ہیں۔ چونکہ حضرت ابوبکر ؓ کا جھگڑا خیر و بھلائی سے متعلق تھا، اس لیے امام بخاری ؒ نے اس کے معنی سابق بالخیر سے کہے ہیں۔ یہ معنی بھی ہوسکتے ہیں: حضرت ابوبکر ؓ نے معافی مانگنے میں سبقت کی ہے، اس اعتبار سے وہ عمر فاروق ؓ پر سبقت لے گئے۔
2۔ بہرحال امام بخاری ؒ کا مقصد یہ ہے کہ غَامَر کے یہ معنی بھی ہوسکتے ہیں اگرچہ جمہور محدثین سے یہ معنی منقول نہیں ہیں۔ واللہ اعلم۔
3۔ اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہواکہ جو شخص بہت سے کمالات وفضائل کا مالک ہو اگر اس سے کوئی لغزش ہوجائے تو اسے نظر انداز کردینا چاہیے، چنانچہ حضرت ابوبکرؓ اپنی زیادتی کا اقرار بھی کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود رسول اللہ ﷺ حضرت عمر ؓ پر اپنی ناراضی کا اظہار کررہے ہیں۔ اس بنا پر اگربزرگوں سے کوئی غلطی ہوجائے تو خوا مخواہ ان کے پیچھے نہیں پڑنا چاہیے، ممکن ہے کہ بزرگوں کی بہت ساری نیکیاں بھی ہوں اور ان نیکیوں کی بدولت اللہ کے ہاں ان کا بہت بڑا مقام ہو کہ لغزش کی طرف اللہ تعالیٰ توجہ ہی نہ دے بلکہ طعن و تشنیع کرنے والوں کا مواخذہ ہوجائے، اس لیے کہا جاتا ہے: ’’خطائے بزرگاں گرفتن خطا است۔‘‘ اس حدیث میں رسول اللہ ﷺ نے اپنے متعلق وہی الفاظ استعمال کیے ہیں جو الفاظ آیت کریمہ میں آپ کے متعلق استعمال ہوئے ہیں، اس لیے امام بخاری ؒ نے اس حدیث کو ذکر کیا ہے۔ واللہ اعلم۔