تشریح:
1۔ اللہ تعالیٰ کے فرمان کا مطلب یہ ہے کہ عاص بن وائل جو دعوی کر رہا ہے کہ اس کے پاس مال و دولت ہو گی کیا اس کے پاس غیب کا علم ہے کہ وہاں بھی اس کے ہاں روپے پیسے کی ریل پیل ہو گی؟ یا اللہ تعالیٰ سے اس کا کوئی عہد و پیمان ہو چکا ہے ایسا ہرگز نہیں ہے بلکہ یہ صرف غرور کا اظہار اور آیات الٰہی کا مذاق اڑایا جا رہا ہے یہ جس مال واولاد کی بات کررہا ہے اس کے وارث تو ہم ہیں۔
2۔ حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ نے لکھا ہے کہ عاص بن وائل پچاسی سال کی عمر پا کر مکہ میں واصل جہنم ہوا یہ اپنے گدھے پر سوار ہو کر طائف جا رہا تھا کہ گدھے نے اسے کانٹوں پر گرا دیا۔ اس کے پاؤں میں کانٹے چبھے تو پاؤں میں ورم آگیا جو اس کی موت کا باعث بنا۔ (فتح الباري:546/8)