تشریح:
1۔ ایک روایت میں ہے کہ لوگوں نے (عَجبُ الذَّنَب) کے متعلق سوال کیا کہ وہ کیا ہے؟ تو آپ نے فرمایا: ’’وہ رائی کے دانے کے برابر ہوتا ہے۔‘‘ (مسند أحمد:28/3) حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ یہ بھی اللہ کا ایک راز ہے جسے اس کے سوا کوئی اور نہیں جانتا کیونکہ قادر مطلق نے محض عدم سے انسان کو پیدا کیا ہے، دوبارہ پیدا کرنے کی صورت میں اس ہڈی کو باقی رکھنے کی کیا ضرورت ہے کہ اس سے ترکیب خلق کی جائے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ فرشتوں کی پہچان کے لیے اسے بطور علامت باقی رکھا جائے تا کہ وہ انسان کو اس کے جوہر سے معلوم کرکے روح کو دوبارہ میں لوٹا سکیں۔
2۔ حضرات انبیاء علیہم السلام کے پاکیزہ جسم اس سے مستثنیٰ ہیں کیونکہ ان کے جسموں کو زمین نہیں کھائے گی۔ (فتح الباري:702/8)