تشریح:
1۔ جن جرائم کا اس آیت کریمہ میں ذکر ہے ان کے ارتکاب کا عرب معاشرے میں عام رواج تھا چنانچہ اولاد کے قتل کی عربوں میں کئی صورتیں تھیں ننگ و عار کی وجہ سے لڑکیوں کو زندہ در گور کر دیا جاتا تھا۔ اسی طرح فقر و فاقے کی وجہ سے بھی وہ اپنی اولاد کو موت کی نیند سلا دیتے تھے۔
2۔ واضح رہے کہ اس میں اسقاط حمل بھی شامل ہے خواہ وہ جائز حمل کا اسقاط ہو یا ناجائز حمل کا گرا دینا ہو۔
3۔ اسی طرح بہتان گھڑنے کی بھی کئی صورتیں تھیں مثلاً: کوئی عورت دوسری پر کسی غیر مرد سے آشنائی کا الزام لگا دے جسے تہمت کہا جاتا ہے دوسرے یہ کہ بچہ تو کسی دوسرے مرد کا جنے لیکن شوہر کو یہ یقین دلائے کہ یہ تیرا ہی ہے تیسرے یہ کہ کسی عورت کی اولاد لے کر مکر و فریب کے ساتھ اسے اپنی طرف منسوب کرے۔ روایات میں ہے کہ اس عہد و پیمان کے بعد آپ فرماتے :’’جہاں تمھارے بس میں ہواور تمھارے لیے ممکن ہو۔‘‘ عورتوں نے عرض کی: اللہ اور اس کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے لیے خود ہم سے بڑھ کر مہربان ہیں۔‘‘ (مسند أحمد:357/6)