تشریح:
1۔ دنیا میں بڑے بڑے حکمران اور ان کی بڑی بڑی حکومتیں ہیں۔ لیکن اللہ کی کبریائی کے سامنے ان کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو پہلے دن سے یہ پیغام دیا گیا کہ آپ کے کام میں بڑی بڑی طاقتیں حائل ہو سکتی ہیں۔ ان کی ذرا پروانہ کریں بلکہ صاف صاف کہہ دیں کہ میرا رب ان سب سے بڑا ہے جو میری دعوت کا راستہ روکنے کے لیے کھڑے ہو سکتے ہیں۔
2۔ بہر حال اللہ کی کبریائی کانقش جس آدمی کے دل پر جما ہو وہ اللہ کی خاطر اکیلا ہی ساری دنیا سے لڑ جانے کے لیے تیار ہو جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ اسلام میں کلمہ تکبیر یعنی اللہ اکبر کی بڑی اہمیت ہے نیز اذان میں چھ بار یہ کلمہ دہرایا جاتا ہے اور ہر نماز کا افتتاح اسی کلمہ سے ہوتا ہے پھر نماز کی ہر رکعت میں متعدد مرتبہ اللہ اکبر کہا جاتا ہے یہ اس لیے ہے کہ ایک مسلمان کے سامنے ہر وقت اللہ کی کبریائی کا تصور موجود ہے۔