تشریح:
(1) عورتوں سے گپ شپ لگانے کا لازمی نتیجہ یہ برآمد ہوتا ہے کہ مارپٹائی تک نوبت آ جاتی ہے کیونکہ اپنے اہل خانہ سے کھل کر بات کرے گا تو خاوند کو ان کا ناز نخرہ برداشت کرنا ہوگا۔ بعض اوقات اس دوران میں عورتیں خاوند کی پاسداری بھی ملحوظ نہیں رکھ پاتیں جس سے نافرمانی کا ظہور ہوتا ہے، پھر معاملہ زد و کوب تک جا پہنچتا ہے۔
(2) اس سے معلوم ہوا کہ انسان کو عورتوں کے معاملے میں احتیاط سے کام لینا چاہیے۔ ان کی طرف سے پہنچنے والی تکلیف کو برداشت کرے اور غصے و طیش کے وقت حوصلے سے کام لے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات رضی اللہ عنہم بھی بعض اوقات آپ کی باتوں کا جواب دیتی تھیں بلکہ رات بھر آپ کو چھوڑ دیتی تھیں۔ ہمارے رجحان کے مطابق عورتوں کے ساتھ اعلیٰ سلوک یہ ہے کہ ان سے گپ شپ کرے اور معاملات میں ان کی عقلی استعداد کو ضرور مدنظر رکھے۔