تشریح:
(1) عورتوں کے ساتھ حسن معاشرت کے سلسلے میں حدیث ام زرع بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ اس میں کوئی افسانوی آمیزش نہیں بلکہ ایک حقیقت کو بیان کیا گیا ہے، بلکہ دوسری روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ واقعہ بیان کیا ہے، چنانچہ ایک دفعہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہما سے فرمایا: ’’میری تیرے ساتھ وہی حیثیت ہے جو ابو زرع کی ام زرع کے ساتھ تھی۔‘‘ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے عرض کی:اللہ کے رسول!ابو زرع کون تھا؟ اس کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ واقعہ بیان فرمایا۔ (السنن الکبریٰ للنسائي: 385/5، رقم: 9139، و فتح البار۱: 318/9)
(2) اس واقعے میں دور جاہلیت میں اندرون خانہ کی خوب عکاسی کی گئی ہے۔ امام بخاری رحمہ اللہ کا مقصد تو ابو زرع کے کردار کو نمایاں کرنا ہے کیونکہ عورتوں سے حسن معاشرت کو اسی کردار سے ثابت کیا گیا ہے۔ دراصل عورت ذات اپنے خاوند کے سلسلے میں کچھ بخیل ثابت ہوئی ہے۔ وہ اس کی فدا کاری، جاں نثاری اور وفاداری کو کھلے دل سے تسلیم نہیں کرتی۔ ایک حدیث میں ہے کہ اکثر عورتیں جو جہنم کا ایندھن بنیں گی، ان میں یہی ’’ناشکری‘‘ ہوگی لیکن اس حدیث کے مطابق ام زرع نے تو کمال کر دکھایا ہے۔ اس نے ابو زرع کی ہی تعریف نہیں کی بلکہ اس نے ابو زرع کی ماں، ابو زرع کے بیٹے، اس کی بیٹی اور اس کی لونڈی کی بھی خوب خوب تعریف کی ہے۔ ابوزرع کی محبت تو اس کے دل کے نہاں خانے میں اس طرح پیوست ہو چکی تھی کہ طلاق ملنے کے بعد بھی وہ اسے فراموش نہیں کر پائی بلکہ اس کی مہر و وفا کو بڑے خوبصورت الفاظ میں بیان کیا ہے جیسا کہ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے لکھا ہے: ’’محبت تو پہلے حبیب کے لیے ہی ہوتی ہے۔‘‘ (فتح الباري: 341/9)
(3) خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہما سے فرمایا: ’’اے عائشہ! میں بھی تیرے لیے اسی طرح ہوں جس طرح ام زرع کے لیے ابو زرع تھا،بلکہ میں تو اس سے بڑھ کر ہوں کیونکہ اس نے زندگی کے آخری حصے میں ام زرع کو طلاق دےدی تھی لیکن میں تجھے طلاق نہیں دوں گا۔‘‘ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہما نے عرض کی: اللہ کے رسول!میرے ماں باپ آپ پر فداہوں! میرے لیے آپ کی حیثیت ابو زرع سے بھی بڑھ کر ہے۔ (المعجم الکبیر للطبراني: 164/23، 171، 173، و فتح الباري: 341/9)
(4) دل چاہتا ہے کہ اس حدیث کے ایک ایک لفظ کی وضاحت کروں اور اس میں بیان کردہ بیویوں کے اپنے خاوندوں کے متعلق جذبات کی تشریح کروں لیکن اس وضاحت و تشریح میں کچھ رکاوٹیں حائل ہیں۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے جس مقصد کے لیے یہ حدیث پیش کی ہے ہم نے اسے کھول کر بیان کر دیا ہے، اللہ تعالیٰ اس پر عمل کی توفیق دے۔ آمين