تشریح:
اس حدیث کے عنوان سے مطابقت اس طرح ہے کہ خاوند کو قسم اٹھا کر عورت کےقریب نہ جانے کا اختیار ہے لیکن عورت کو اس قسم کا اختیار نہیں ہے۔ اس سے معلوم ہوا کہ عورت محکوم ہے اور مرد حاکم ہے جیسا کہ آیت کریمہ سے معلوم ہوتا ہے۔ یہ مناسبت امام بخاری رحمہ اللہ کی دقت نظر کے مناسب معلوم ہوتی ہے۔ ایک دوسری مناسبت جسے حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے ذکر کیا ہے کہ حدیث کی مناسبت آیت کے ان الفاظ سے ہے: (وَاهْجُرُوهُنَّ فِي الْمَضَاجِعِ) ’’انھیں بستروں سے الگ کردو۔‘‘ ان کو الگ کر دینا ہی ایلاء کے مناسب ہے۔ (فتح الباري: 372/9) یہ مناسبت امام بخاری رحمہ اللہ کی شان کے لائق نہیں کیونکہ یہ تو بہت ظاہر اور نمایاں ہے۔ والله اعلم