تشریح:
(1) پہلی حدیث میں احتمال تھا کہ شاید رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بیداری کے عالم میں جنت کا مشاہدہ کیا ہو لیکن دوسری حدیث نے اس احتمال کو ختم کردیا کہ جنت میں بحالت بیداری نہیں بلکہ خواب میں داخل ہوئے تھے۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے دوسری حدیث غالباً اس لیے ذکر کی ہے۔ (فتح الباری: 9/404)
(2) حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا رونا خوشی کی بنا پر تھا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل وکرم سے مجھ ناچیز پر یہ عنایت فرمائی کہ بہشت بریں میں میرے لیےعالی شان محل تیار کیا۔ آپ نے اپنے جذبات کا اظہار اس لیے کیا کہ آپ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خادم اور آپ کی بیویاں اور جنت میں ملنے والی حوریں سب آپ کی خادمائیں ہیں، بھلا ایسے حالات میں آپ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق کس طرح غیرت کرسکتے ہیں۔ والله اعلم