تشریح:
(1) عورت کا خاوند کی دوسری بیوی پر غیرت کا سبب یہ ہے کہ اس کے خیال میں وہ دوسری بیوی سے زیادہ محبت کرتا ہے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بھی حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا پر اس وجہ سے غیرت کرتی تھیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بکثرت انھیں یاد کرتے رہتے تھے اور کثرت ذکر کثرت محبت پر دلالت کرتا ہے۔
(2) اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا دوسری ازواج مطہرات پر غیرت کرتی تھیں لیکن حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کے متعلق کچھ زیادہ ہی غیرت کا مظاہرہ ہوتا تھا، حالانکہ وہ وفات پا چکی تھیں۔ ایک روایت میں ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے عرض کیا: اللہ کے رسول! آپ ایک بوڑھی عورت کی تعریف کیا کرتے ہیں، حالانکہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو اس سے بہتر بیوی دے دی ہے۔ آپ نے فرمایا: ’’اس سے بہتر بیوی مجھے نہیں دی۔‘‘ (صحیح البخاري، مناقب الأنصار، حدیث: 3821، و مسند أحمد: 117/6، 118، و اللفظ له) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس قسم کی غیرت کے اظہار پر حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے کوئی مؤاخذہ نہیں کیا۔ معلوم ہوا کہ ان کی غیرت قابل مؤاخذہ نہ تھی کیونکہ سوکن کے متعلق ایسی غیرت طبعی ہوتی ہے۔ (فتح الباري: 405/9)