تشریح:
(1)أغاليط، أغلوطة کی جمع ہے۔ اس سے مراد وہ چیز ہے جس کے ذریعے سے کسی دوسرے کو مغالطے میں ڈالا جا سکے۔ اس سے حضرت حذیفہ ؓ کا مقصود یہ تھا کہ میں آپ کو رسول اللہ ﷺ کی سچی اور کھری باتیں سنا رہا ہوں، اپنی رائے یا اجتہاد سے کوئی بات بنا کر تمھیں کسی مغالطےمیں نہیں ڈالنا چاہتا۔ واقعی حضرات صحابۂ کرام کی یہ شان تھی رضی اللہ عنہم۔
(2) اہل وعیال کے متعلق فتنے سے یہ مراد ہے کہ اپنے اہل خانہ کی خاطر کوئی ایسی بات یا ایسا کام کیا جائے جو شرعا جائز نہ ہو۔ اولاد کے فتنے سے مراد ان کی محبت میں مبتلا ہو کر کارہائے خیر سے محروم رہنا ہے۔ مال کے فتنے سے مراد حرام ذرائع سے اس کا حصول اور غلط مصرف پر اس کا استعمال کرنا ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿إِنَّمَا أَمْوَالُكُمْ وَأَوْلَادُكُمْ فِتْنَةٌ﴾ ’’تمھاری اولاد اور تمھارے مال تمھارے لیے باعث فتنہ ہیں۔‘‘ (التغابن:64: 15)
(3) احادیث کی روشنی میں گناہوں کے معاف ہونے کی تفصیل یہ ہے کہ چھوٹے چھوٹے گناہ وضو کرنے سے دھل جاتے ہیں، ان سے بڑے مسجد کی طرف نماز کی نیت سے آنے کی بنا پر معاف ہو جاتے ہیں، پھر پابندئ اوقات اور رعایت خشوع سے نماز پڑھنے کی بدولت گناہ ختم ہوجاتے ہیں، لیکن یاد رہے کہ نماز سے صرف صغیرہ گناہ معاف ہوں گے، کبیرہ گناہوں کی معافی کے لیے توبہ شرط ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا تُوبُوا إِلَى اللَّـهِ تَوْبَةً نَّصُوحًاظ﴾ ’’ ایمان والو! اللہ کے حضور خالص توبہ پیش کرو۔‘‘ (التحریم: 66 :8) اگر صرف نماز ادا کرنے اور دیگر اعمال خیر بجا لانے سے ہی تمام صغیرہ کبیرہ معاف ہوجاتے ہوں تو توبہ کرنے کی کیا ضرورت باقی رہ جاتی ہے جس کی طرف باری تعالیٰ نے ہمیں متوجہ کیا ہے۔