تشریح:
(1) مرجیہ نے اس حدیث کے ظاہر سے یہ استدلال کیا ہے کہ افعال خیر سے کبیرہ اور صغیرہ تمام گناہ معاف ہوجاتے ہیں، لیکن جمہور اہل سنت کا موقف ہے کہ ان سے صرف صغائر معاف ہوتے ہیں، کیونکہ اس حدیث میں اگرچہ اطلاق و عموم ہے لیکن دوسری حدیث نے اسے مقید اور خاص کردیا ہے۔ جیسا کہ ایک حدیث میں ہے کہ پانچوں نمازیں، جمعہ جمعے تک اور رمضان دوسرے رمضان تک گناہوں کے لیے کفارہ بن جاتے ہیں، بشرطیکہ کبائر سے اجتناب کیا جائے۔ (صحیح مسلم، الطھارة، حدیث:552(233)) جامع تر مذی کی ایک روایت ہے کہ پانچوں نمازیں اور جمعہ جمعے تک، درمیان میں ہونے والے گناہوں کے لیے کفارہ ہیں بشرطیکہ کبائر کا ارتکاب نہ کیا جائے۔ (جامع الترمذي، الصلاة ،حدیث:214)
(2) اس سے پہلے امام بخاری ؒ نے ایک عنوان بایں الفاظ قائم کیا تھا:’’نماز، گناہوں کا کفارہ ہے۔‘‘ اس سے مراد نماز کا یہ خاصا بتانا مقصود تھا کہ یہ گناہوں کو مٹا دیتی ہے، قطع نظر اس کے کہ وہ نماز فرض ہو یا نفل۔ اس مقام پر ایک سوال پیدا ہوتا ہے کہ جو کام بندے کہ فرائض اور ذمے داری میں شامل ہیں، ان کی ادائیگی سے انسان مستحق اجر تو ہو سکتا ہے یا اللہ کی ناراضی سے محفوظ رہتا ہے، اس کے علاوہ مزید انعام واکرام کا سزاوار ہو نا ضروری نہیں۔ امام بخاری ؒ مذکورہ باب اسی وہم کو دور کرنے کے لیے لائے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے خزانوں میں کسی چیز کی کمی نہیں، فرض نماز میں تو کفارۂ سیئات بننے کی نفل نماز سے زیادہ صلاحیت ہے کیونکہ نفل اعمال سے فرض اعمال کی اہمیت اللہ کے ہاں زیادہ ہے اور فرائض اللہ تعالیٰ کو زیادہ محبوب ہیں، جیساکہ ایک دوسری حدیث میں ہے کہ میرا بندہ فرائض کی ادائیگی سے جو میرا قرب حاصل کرتا ہے وہ مجھے زیادہ محبوب ہے۔ (صحیح البخاري، الرقاق، حدیث:6502)
(3) صحیح بخاری کے بعض نسخوں میں یہ عنوان بایں الفاظ ہے:’’پانچوں نمازوں کو اگر بروقت ادا کیا جائے تو گناہوں کا کفارہ ہوتی ہیں، خواہ باجماعت ہوں یا بےجماعت۔‘‘ اس عنوان پر بعض حضرات نے اعتراض کیا ہے کہ امام صاحب کو ''غيرها'' کے الفاظ نہیں لانے چاہیے تھے، کیونکہ ان سے نماز باجماعت کی اہمیت ختم ہو جاتی ہے۔ یہ اعتراض برمحل نہیں ہے، کیونکہ امام صاحب یہ بتانا چاہتے ہیں کہ اگر کسی عذر کی وجہ سے نماز باجماعت نہ پڑھ سکے تو انفرادی طور پر ادا کی ہوئی نماز بھی کفارۂ سیئات ہوگی۔ یہ مطلب قطعاً نہیں کہ نماز باجماعت اور بے جماعت دونوں برابر ہیں۔ والله أعلم۔
(4) قبل ازیں صحیح مسلم کے حوالے سے یہ حدیث بیان ہوئی ہے کہ پانچوں نمازیں گناہوں کا کفارہ ہیں بشرطیکہ کبائر سے اجتناب کیا جائے۔ بظاہر یہ حدیث مذکورہ مثال سے متعارض ہے کیونکہ پانچ مرتبہ نہانے سے بالکل میل کچیل نہیں رہے گا، اگر رہے گا تو مقدار میں بہت کم ہو گا، اسی طرح نمازوں کی ادائیگی سے سب گناہ معاف ہوجائیں گے یا چھوٹے چھوٹے گناہ باقی رہ جائیں گے؟ اس تعارض کا جواب یہ ہے کہ حدیث میں صغیرہ گناہوں کو میل سے تشبیہ دی گئی ہے، خواہ وہ تھوڑے ہوں یا زیادہ، کبیرہ گناہوں زخموں اور اندرونی بیماریوں کی طرح ہوتے ہیں جو صرف توبہ اور انابت الی اللہ سے معاف ہوتے ہیں۔ غسل کرنے سے ظاہری میل کچیل تو دور ہو سکتا ہے، اس سے بیماریوں کا علاج ممکن نہیں۔ اسی طرح نماز پڑھنے سے صغیرہ گناہ تو مٹ سکتے ہیں، کبیرہ معاف نہیں ہوں گے۔
(5) ارشاد باری تعالیٰ ہے:﴿ إِن تَجْتَنِبُوا كَبَائِرَ مَا تُنْهَوْنَ عَنْهُ نُكَفِّرْ عَنكُمْ سَيِّئَاتِكُمْ﴾ ’’اگر تم کبیرہ گناہوں سے اجتناب کرو گے تو ہم تمھارے صغیرہ گناہ مٹا دیں گے۔‘‘ (النساء: 4:31) اس آیت کے پیش نظرمذکورہ حدیث پر ایک اعتراض ہے کہ صغیرہ گناہ تو اجتناب کبائر ہی سے مٹ جاتے ہیں تو نمازیں کس قسم کے گناہوں کا کفارہ ہیں؟ اس اعتراض کا جواب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نمازوں ہی کے ذریعے سے صغیرہ گناہوں کو مٹاتا ہے کیونکہ نماز نہ پڑھنا بذات خود ایک کبیرہ گناہ ہے، اس لیے نمازیں پڑھے بغیر کبیرہ گناہوں سے اجتناب نہیں ہو سکتا۔