تشریح:
(1) سوگ منانے والی عورت کو شرعاً حکم دیا گیا ہے کہ وہ زیب و زینت نہ کرے۔ چونکہ خوشبو بھی زینت کے لیے استعمال ہوتی ہے، اس لیے اس کے استعمال پر بھی پابندی ہے جیسا کہ اس حدیث میں اس کی صراحت ہے۔ لیکن حیض سے پاک ہونے کے بعد ناگواری کے اثرات دور کرنے کے لیے محدود پیمانے پر اس کے استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔
(2) علامہ نووی رحمہ اللہ نے لکھا ہے: "قسط" کی دو قسمیں مشہور ہیں جو دھونی کے طور پر استعمال ہوتی ہیں۔ جب انہیں کسی دوسری اشیاء کے ساتھ ملایا جاتا ہے تو خوشبو تیار ہوتی ہے، پھر اسے سوگ والی عورت کے لیے استعمال کرنا منع ہے۔ اسی طرح کی دوسری چیزیں جن سے مقصود زیب و زینت یا خوشبو نہ ہو، انہیں استعمال کرنا جائز ہے جیسا کہ سر میں سرسوں کا تیل لگایا جاتا ہے یا سادہ صابن سے نہایا جاتا ہے، انہیں سوگ والی عورت بھی استعمال کر سکتی ہے۔ (فتح الباري: 609/6)