تشریح:
(1) یہ ایک سفر کا واقعہ ہے جس کی تفصیل حدیث:(539) میں آرہی ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے گرمی کی شدت میں اذان دینے سے منع فرمایا، کیونکہ جب وقت میں گنجائش ہے تو لوگوں کو سخت گرمی میں نماز کے لیے آنے کی دعوت نہ دی جائے۔ انھیں مشقت میں مبتلا کرنا درست نہیں۔ جب شدت ختم ہوجائے تو اذان دی جائے تاکہ نماز کے لیے جمع ہونا دشوار نہ ہو۔ واضح رہے کہ نماز ظہر کو ٹھنڈا کر کے ادا کرنے کا حکم عام ہے، خواہ سفر ہو یا حضر، مسجد میں دور سے آنا پڑے یا قریب سے، سائے کا بندوبست ہو یا نہ ہو، کیونکہ ٹھنڈا کرکے نماز ادا کرنے کی علت یہ بیان کی گئی ہے کہ سخت گرمی کے دنوں میں عین دوپہر کے وقت جہنم سانس لیتا ہے جو غضب الٰہی کی علامت ہے۔ جیسا کہ حدیث میں ہے۔ عین نصف النہار کے وقت نماز نہ پڑھا کرو کیونکہ یہ ایسی گھڑی ہے جس میں جہنم کو تیز کیا جاتا ہے۔ (صحیح مسلم، المساجد، حدیث:1930(832))
(2) اس مقام پر یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ جب نماز پڑھنا رحمت الٰہی کا باعث ہے تو نماز فورا پڑھنی چاہیے تاکہ غضب الٰہی کے دور ہونے کا سبب بنے؟ اس کا جواب بایں طور دیا گیا ہے کہ جب شارع علیہ السلام خود ہی کسی چیز کی علت بیان کردیں تو اسے بلا چون وچرا تسلیم کرنا ضروری ہے، خواہ اس کا مفہوم سمجھ میں آئے یا نہ آئے۔ (فتح الباري: 24/2)