تشریح:
(1) اس روایت سے امام بخاری ؒ کا اصل مقصود نماز ظہر کا اول وقت بیان کرنا ہے کہ نماز ظہر کا وقت زوال آفتاب کے بعد شروع ہوجاتا ہے بلکہ رسول اللہ ﷺ زوال آفتاب کے بعد فورا نماز ظہر پڑھ لیتے۔ مذکورہ رویت میں سردی اور گرمی کے موسم کا فرق بھی بیان نہیں ہوا۔ دوسری روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ گرمی کی شدت میں نماز ظہر کو اول وقت کے بجائے اسے ٹھنڈا کرکے ادا کرتے۔ روایت کے مطابق نماز مغرب کے متعلق راوی بھول گیا کہ کس وقت ادا کرتے؟ اس کی وضاحت حضرت جابر بن عبدالله ؓ کرتے ہیں کہ جب سورج غروب ہوجاتا تو نماز مغرب پڑھی جاتی۔(صحیح البخاری، مواقیت الصلاة، حدیث:560)
(2) نماز فجر میں اسفار، یعنی اس قدر روشنی کہ ایک دوسرے کو پہچانا جا سکے۔ ایسا سلام پھیرنے کے بعد ہوتا تھا۔ جیسا کہ متعدد روایات سے معلوم ہوتا ہے، چنانچہ ایک روایت میں ہے کہ جب ہم صبح کی نماز سے سلام پھیر کر فارغ ہوتے تو جان پہچان والے کو دیکھتے اور اس کے چہرے سے پہچان لیتے۔ (صحیح مسلم، المساجد، حدیث 1462(647)) جب سلام پھیرنے پر بمشکل اتنی ہی روشنی ہوتی تھی کہ قریب بیٹھا ہوا ساتھی ہی پہچانا جا سکے اور آپ قراءت بھی ساٹھ سے سو آیات تک کرتے تھے تو یقینا نماز کا آغاز غلس، یعنی منہ اندھیرے میں ہواکرتا تھا۔ وهو المقصود
(3) امام کرمانی ؒ فرماتے ہیں: اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ نماز عشاء کاوقت تہائی یا نصف رات تک ہے جبکہ دوسری احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ صبح کی نماز سے پہلے پہلے عشاء کی نماز پڑھی جا سکتی ہے، چنانچہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:’’سونے میں کوتاہی نہیں بلکہ کوتاہی کامرتکب وہ شخص ہے جس نے دوسری نماز کا وقت شروع ہونے تک نماز نہ پڑھی۔‘‘ ان احادیث میں کوئی تعارض نہیں، کیونکہ مذکورہ حدیث میں نماز عشاء کا مستحب اور افضل وقت بتایا گیا ہے کہ وہ ایک تہائی یا نصف رات تک ہے۔ (شرح الکرماني: 190/4)
(4) نماز عشاء کے بارے میں وضاحت ہے کہ اس کے متعلق پروا نہیں کی جاتی تھی کہ ایک تہائی رات کے بعد پڑھی جائے یا نصف شب تک ادا کی جائے؟ دراصل نمازیوں کو دیکھا جاتا تھا اگر وہ جلدی نماز کے لیے جمع ہوجاتے تو اسے جلدی ادا کرلیا جاتا اور اگر کسی وجہ سے وہ دیر سے آتے تو نماز عشاء کو نصف رات تک مؤخر کردیا جاتا، جیسا کہ احادیث میں رسول اللہ ﷺ کا یہ اسوۂ مبارکہ منقول ہواہے۔ (صحیح البخاري، مواقیت الصلاة، حدیث: 565.) نماز عشاء کے آخری وقت کے تعین کی وضاحت آئندہ ہوگی۔