تشریح:
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بہت کم کھانا پسند فرماتے تھے۔ آپ کو دنیوی عیش و عشرت میں قطعاً کوئی رغبت نہ تھی۔ صحابۂ کرام رضی اللہ عنھم کا بھی یہی حال تھا، چنانچہ حضرت جحیفہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے ایک مرتبہ گوشت کا ثرید کھایا، پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا تو ڈکار لے رہا تھا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ابو جحیفہ! اپنے ڈکار کو روکو، جو لوگ دنیا میں سیر ہو کر کھاتے ہیں وہ قیامت کے دن بھوکے ہوں گے۔‘‘ (المستدرك علی الصحیحین للحاکم: 121/4، و السلسلة الصحیحة للألباني، حدیث: 343) اس کے بعد حضرت ابو جحیفہ رضی اللہ عنہ نے وفات تک کبھی سیر ہو کر نہیں کھایا جب صبح کا کھانا کھاتے تو شام کا کھانا چھوڑ دیتے اور جب شام کو کھانا کھاتے تو صبح کا ناغہ کرتے۔ (عمدة القاري: 421/14)