تشریح:
ایک حدیث میں ہے کہ جس نے کھانے کے بعد درج ذیل دعا پڑھی اس کے گزشتہ گناہ معاف ہو جاتے ہیں: (الحمدُ للهِ الذي أطعمَني هذا الطعامَ ورزقنِيهِ من غيرِ حولٍ مني ولا قوةٍ) ’’تمام تعریفیں اس اللہ کے لیے ہیں جس نے مجھے یہ کھلایا اور یہ رزق عطا فرمایا: اس کی مدد کے بغیر کسی آفت سے نہ بچنے کی طاقت ہے اور نہ ہی اچھا کام کرنے کی قوت ہے۔‘‘ (مسند أحمد: 439/3) ایک دوسری حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب کھاتے یا پیتے تو درج ذیل دعا پڑھتے: (الحمدُ للَّهِ الَّذي أطعمَ وسَقى ، وسوَّغَهُ وجعلَ لَه مخرجًا) ’’تمام تعریفیں اس اللہ کے لیے ہیں جس نے کھلایا اور پلایا، پھر اسے خوشگوار کیا اور اس کے نکلنے کا راستہ بنایا۔‘‘ (سنن أبي داود، الأطعمة، حدیث: 3851) کھانے کے بعد ایک مشہور دعا حسب ذیل ہے: (الحَمدُ للهِ الذي أطعَمَنا وسَقانا، وجعَلَنا مُسلِمينَ) ’’تمام تعریفیں اس اللہ کے لیے ہیں جس نے ہمیں کھلایا اور پلایا اور ہمیں مسلمان بنایا۔‘‘ (سنن أبی داود، الأطعمة، حدیث: 3850) لیکن یہ روایت ضعیف ہے۔ علامہ البانی رحمہ اللہ نے اسے ضعیف قرار دیا ہے۔ (ضعیف الجامع، رقم: 4436)