تشریح:
حضرت عائشہ ؓ کا حجرہ جس میں رسول اللہ ﷺ ، حضرت ابو بکر صدیق ؓ اور حضرت عمر ؓ دفن ہیں، مسجد نبوی کے مشرقی جانب واقع تھا جبکہ قبلہ جنوب کی جانب تھا اور اس طرف حضرت حفصہ ؓ اور حضرت میمونہ ؓ کے حجرات تھے۔ مغرب کی طرف کوئی حجرہ نہیں تھا۔ مشرقی جانب جنوبی گوشے میں حضرت سودہ، اس کے آگے شمال کی طرف حضرت عائشہ، پھر حضرت فاطمہ اور آخر میں حضرت صفیہ ؓ کا حجرہ تھا۔ جبکہ شمالی جانب حضرت زینب بنت خزیمہ ؓ ، ان کی وفات کے بعد وہی حجرہ حضرت ام سلمہ ؓ کی تحویل میں آگیا۔ مشرقی جانب ام حبیبہ ؓ ، حضرت جویریہ اور حضرت زینب بنت حجش ؓ کے حجرات تھے۔ حضرت عائشہ ؓ کے حجرے کی اونچائی زیادہ سے زیادہ آٹھ فٹ تھی، کیونکہ حضرت حسن بصری ؒ کا بیان ہے کہ وہ ہاتھ اٹھاتے تو چھت سے لگ جاتا تھا۔ (طبقات ابن سعد:117/8)