تشریح:
(1) حضرت ام سلیم رضی اللہ عنہا کے حق میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا قبول ہوئی۔ اس کے بعد آپ حضرت عبداللہ بن ابو طلحہ رضی اللہ عنہ کے ساتھ امید سے ہوئیں۔ جب بچے کو جنم دیا تو حضرت انس رضی اللہ عنہ سے فرمایا: اس بچے کو حفاظت کے ساتھ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لے جاؤ۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں جب اسے لے کر آپ کے پاس آیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم ایک حویلی میں تھے۔ آپ نے سیاہ رنگ کی چادر اوڑھ رکھی تھی اور غنیمت کے اونٹوں کو نشان لگا رہے تھے۔ (صحیح البخاري، اللباس، حدیث: 5824، و فتح الباري: 730/9)
(2) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا شرف قبولیت سے نوازی گئی اور نومولود عبداللہ کی نسل سے دس نیک علماء پیدا ہوئے۔ (عمدة القاري: 466/14)
(3) امام بخاری رحمہ اللہ نے اس حدیث سے ثابت کیا ہے کہ حضرت ابو طلحہ رضی اللہ عنہ نے اس نومولود کا عقیقہ نہیں کیا تھا۔ ایسے حالات میں بچے کا نام ولادت کے دن ہی عبداللہ رکھ دیا گیا، ساتویں دن کا انتظار نہیں کیا گیا۔
(4) اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ عقیقہ واجب نہیں بلکہ مستحب ہے۔ واللہ أعلم۔
(5) امام شافعی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ عقیقے کے متعلق لوگ افراط و تفریط کا شکار ہیں۔ کچھ لوگوں نے اسے واجب کہا جبکہ کچھ حضرات اسے بدعت کہتے ہیں۔ امام ابن منذر نے کہا ہے کہ اصحاب الرائے نے عقیقے کے سنت ہونے کا انکار کیا ہے اور اس سلسلے میں ثابت شدہ احادیث و آثار کی انہوں نے مخالفت کی ہے۔ (فتح الباري: 728/9)