تشریح:
(1) حدیث میں ذوالحلیفہ سے مراد وہ مقام نہیں جو مدینہ طیبہ کے پاس ہے اور بئر علی کے نام سے مشہور ہے بلکہ یہ تہامہ کی زمین میں مکے اور طائف کے درمیان کی اور جگہ ہے۔ اس مقام پر جو اونٹ اور بکریاں بطور غنیمت ملے، صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نے بھوک کی وجہ سے تقسیم سے پہلے انہیں ذبح کر کے ان کی ہانڈیاں چڑھا دیں تھیں، اس لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان ہانڈیوں کو الٹ دینے کا حکم دیا۔
(2) اس حدیث میں ہے کہ جب جانور پر اللہ کا نام لیا جائے اور کسی بھی تیز دھار آلے سے اس کا خون بہا دیا جائے تو اس کا کھانا جائز ہے۔
(3) امام بخاری رحمہ اللہ نے ان الفاظ سے اپنا عنوان ثابت کیا ہے کہ ذبح کے وقت بسم اللہ پڑھنا ضروری ہے اور اگر بھول کر بسم اللہ نہ پڑھی جائے تو جانور حلال ہے۔
(4) اس حدیث کے مطابق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دانت اور ناخن سے ذبح کرنے کی ممانعت فرمائی ہے۔ دانت سے اس لیے منع فرمایا ہے کہ یہ ایک ہڈی ہے، اس سے اگر ذبح کیا جائے تو جانور پوری طرح ذبح نہیں ہوتا، اسی طرح ناخن سے ذبح کرنے میں بھی جانور کو تکلیف ہوتی ہے اور اس سے جانور پوری طرح ذبح نہیں ہوتا۔ واضح رہے کہ اس عنوان سے امام بخاری رحمہ اللہ نے ذبح کے احکام بیان کرنا شروع کیے ہیں۔ واللہ أعلم