تشریح:
(1) حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ قربانی کا گوشت صرف تین دن تک استعمال کرتے تھے اور جب دن ختم ہو جاتے تھے تو قربانی کا گوشت استعمال نہ کرتے بلکہ زیتون کے تیل سے روٹی کھاتے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انہیں وہ حدیث نہیں پہنچی جس میں اس پابندی کو اٹھا لینے کا ذکر ہے، اگر انہیں اس کا علم ہوتا تو اس قدر تکلف نہ کرتے۔
(2) ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ قربانی کے گوشت اور ہدی کے گوشت کو ایک ہی درجے میں رکھتے تھے یہی وجہ ہے کہ حدیث کے آخر میں ہدی کے گوشت کا ذکر ہے جبکہ آغاز حدیث میں قربانی کے گوشت کا بیان تھا۔ واللہ أعلم (فتح الباري: 37/10)