تشریح:
اس حدیث کا تقاضا ہے کہ نماز مغرب کواول وقت میں ادا کرلینا چاہیے، یعنی ایسے وقت میں پڑھ لی جائے کہ فراغت کے بعد بھی روشنی باقی ہو، چنانچہ ایک حدیث میں صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کا بیان بایں الفاظ نقل ہوا ہے کہ ہم لوگ رسول اللہ ﷺ کے ہمراہ نماز مغرب ادا کرتے، پھر نکلتے اور تیراندازی کرتے تو ہم پر تیروں کے گرنے کی جگہ پوشیدہ نہ رہتی۔ (مسند أحمد:36/4) اس کا مطلب یہ ہے کہ مغرب کے بعد فاصلے طے کر کے بھی اتنی روشنی رہتی تھی کہ تیر گرنے کی جگہ نظر آتی۔ (فتح الباري:55/2) ایک روایت میں مزید وضاحت ہے کہ کچھ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ نماز مغرب پڑھتے۔ (سنن النسائي، المواقیت، حدیث:521) یعنی غروب آفتاب کے بعد نماز پڑھتے، پھر اتنی روشنی میں گھر پہنچ جاتے کہ تیر گرنے کی جگہ نظر آتی۔ حاصل کلام یہ ہے کہ نماز مغرب میں جلدی کرنا ایک پسندیدہ امر ہے۔ رسول اللہ ﷺ غروب آفتاب کے فوراً بعد نماز پڑھتے تھے۔ اسے اس قدر مؤخر نہ کیا جائے کہ آسمان پر ستارے نظر آنے لگیں اور نماز کا وقت نکل جائے، چنانچہ ایک حدیث میں ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:’’میری امت اس وقت تک فطرت پر قائم رہے گی جب تک نماز مغرب کو ستارے نکلنے تک مؤخر نہیں کرے گی۔‘‘(صحیح ابن خزیمة:174/1، حدیث:339)