تشریح:
(1) حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے لکھا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا سینگی کے متعلق یہ خطاب اہل حجاز اور ان کے قرب و جوار میں رہنے والے لوگوں سے ہے کیونکہ گرمی کی وجہ سے ان کے خون پتلے ہوتے ہیں۔ ان کے جسم سے جو حرارت سطح بدن کی طرف نکلتی ہے تو خون کا دباؤ بھی ظاہر بدن کی طرف ہو جاتا ہے، اس لیے ان کے لیے ایسے حالات میں سینگی لگوانا فائدہ مند ہے۔
(2) اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ یہ خطاب بوڑھوں سے نہیں کیونکہ ان میں پہلے ہی خون کی کمی ہوتی ہے، چنانچہ طبری نے صحیح سند کے ساتھ ابن سیرین سے بیان کیا ہے کہ جب انسان چالیس سال کی عمر کو پہنچے تو سینگی نہ لگوائے کیونکہ ایسا کرنے سے کمزوری مزید بڑھ جائے گی۔ (تھذیب الآثار للطبري: 365/6، و فتح الباري: 187/10)
(3) ہمارے رجحان کے مطابق یہ اس صورت میں ہے جب کوئی دوسرا طریقۂ علاج ممکن ہو، اگر سینگی سے علاج ضروری ہو تو اس عمر میں سینگی لگوائی جا سکتی ہے۔ واللہ أعلم