تشریح:
(1) جب حضرت عبدالرحمٰن بن عوف رضی اللہ عنہ نے انہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث سنائی تو انہوں نے واپسی کا پختہ پروگرام بنا لیا۔ مصنف ابن ابی شیبہ کی روایت میں ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کو واپس لوٹنے پر ندامت ہوئی اور آپ یوں دعا کیا کرتے تھے: ’’اے اللہ! میرا مقام سرغ سے واپس آنا معاف کر دے۔‘‘ (المصنف لابن ابی شیبۃ: 7/28، رقم: 33837) ان کا اظہار ندامت اس لیے تھا کہ وہ ایک بہت بڑی مہم کے لیے نکلے تھے، جب منزل مقصود کے قریب پہنچ گئے تو واپس آ گئے، وہاں قریب کسی مقام پر طاعون ختم ہونے کا انتظار کر لیتے پھر اپنی مہم پر روانہ ہو جاتے، وہ طاعون جلدی ہی ختم ہو گیا۔
(2) شاید انہیں جب جلدی ختم ہونے کی اطلاع ملی تو انہوں نے اس پر اظہار ندامت کیا ہو کیونکہ واپس لوٹنے میں جس قدر مشقت اور ذہنی کوفت برداشت کرنا پڑی وہ انتظار کرنے میں نہ ہوتی، نیز حدیث وہاں جانے سے ممانعت کے لیے تھی، وہاں سے واپس آنے کے متعلق نہ تھی۔ (فتح الباری: 10/230) واللہ اعلم