تشریح:
طاعون ایک بہت بڑی خطرناک اور مہلک بیماری ہے جس کی وجہ سے بارہا نوع انسانی کو سخت ترین نقصان پہنچا ہے لیکن اہل ایمان کے لیے یہ شہادت کا باعث ہے۔ حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اللہ کے حضور جب معرکے میں شہید ہونے والے اور طاعون سے مرنے والے پیش ہوں گے تو طاعون سے مرنے والے کہیں گے کہ ہم بھی شہید ہیں۔ فیصلے کے لیے کہا جائے گا کہ طاعون سے مرنے والوں کے زخموں کو دیکھا جائے، اگر ان کے زخم شہیدوں کے زخموں کی طرح ہیں اور ان سے خون بہتا ہے جس سے کستوری کی خوشبو آتی ہو تو انہیں شہداء شمار کیا جائے، چنانچہ انہیں دیکھا جائے گا کہ وہ انہی اوصاف سے متصف ہیں تو انہیں شہداء میں شمار کیا جائے گا۔‘‘ (مسند احمد: 4/185) لیکن یہ درجہ حاصل کرنے کے لیے چند ایک شرائط ہیں جن کا آئندہ حدیث میں ذکر ہو گا۔