تشریح:
امام بخاری رحمہ اللہ نے چمڑے کے سرخ خیمے کے متعلق عنوان قائم کیا ہے لیکن دوسری حدیث میں سرخ خیمے کا ذکر نہیں ہے، دراصل پہلی حدیث میں جو واقعہ بیان ہوا ہے وہ حجۃ الوداع کا ہے اور دوسری حدیث میں غزوۂ طائف کا ذکر ہے جس میں حنین کی غنیمتیں تقسیم ہوئی تھیں۔ ان دونوں واقعات میں صرف دو سال کا وقفہ ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اتنے شاہ خرچ نہ تھے کہ دو سال کے بعد نیا خیمہ خرید فرماتے بلکہ حجۃ الوداع کے موقع پر جس خیمے میں آپ تشریف فرما تھے یہ وہی خیمہ ہے جس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انصار کو جمع کر کے ان کی غلط فہمی دور فرمائی تھی، اس لیے اگرچہ دوسری حدیث میں سرخ خیمے کا ذکر نہیں، تاہم اس خیمے سے مراد بھی سرخ خیمہ ہی ہے۔ واللہ أعلم (فتح الباري: 386/10)