تشریح:
(1) ناخن کاٹتے وقت دائیں ہاتھ سے آغاز کیا جائے کیونکہ حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم دائیں جانب کو پسند کرتے تھے۔ شہادت کی انگلی سے ناخن کاٹنے کی ابتداء کی جائے کیونکہ یہ انگلی تمام دیگر انگلیوں سے بہتر ہے کیونکہ تشہد میں اس سے اشارہ کیا جاتا ہے۔ اس کے لیے کسی خاص دن کی تعیین ثابت نہیں ہے، البتہ جمعہ کے دن صفائی میں مبالغہ مطلوب ہوتا ہے، اس لیے جمعہ کا دن ناخن کاٹنے کے لیے مناسب ہے لیکن اپنی ضروریات کا خیال ضرور رکھا جائے۔
(2) حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ سے نقل کیا ہے کہ ناخن کاٹ کر انہیں دفن کر دیا جائے، وہ اس میں ابن عمر رضی اللہ عنہ کا حوالہ دیتے تھے کہ وہ ناخن کاٹ کر انہیں دفن کر دیتے تھے۔ اس کی یہ حکمت بیان کی گئی ہے کہ اجزائے بنی آدم کو دفن کرنے کا حکم ہے، پھر یہ بھی ہے کہ جادوگر سفلی عمل کے لیے بالوں اور ناخنوں کو استعمال نہ کر سکیں۔ واللہ أعلم (فتح الباري: 425/10)