تشریح:
(1) اہل زمین کے دلوں میں جو بندے کی محبت ہوتی ہے، وہ اللہ تعالیٰ ہی اپنے بندوں کے دلوں میں پیدا کرتا ہے۔ ابو جہل اور ابو لہب جیسے بدبخت انسان اس قسم کی محبت سے محروم رہتے ہیں۔
(2) بہرحال لوگوں کے دلوں میں کسی شخص کی محبت اللہ تعالیٰ اور اس کے مقربین کی محبت کی علامت ہے، ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’یقیناً جو لوگ ایمان لائے ہیں اور اچھے کام کررہے ہیں عنقریب اللہ تعالیٰ ان کے لیے(لوگوں کے دلوں میں)محبت پیدا کردے گا۔‘‘ (مریم19: 96) ایک روایت میں ہے: ’’اللہ تعالیٰ جب کسی سے بغض رکھتا ہے تو حضرت جبرئیل علیہ السلام کو بلا کرکہتا ہے کہ میں فلاں آدمی سے بغض رکھتا ہوں تم بھی اس سے بغض رکھو، جبرئیل علیہ السلام بھی اس سے بغض رکھتے ہیں، پھر اہل آسمان میں آواز دیتا ہے تو آسمان والے بھی اس سے عداوت رکھتے ہیں،پھر اس کے بارے میں نفرت زمین والوں میں اتار دی جاتی ہے۔‘‘ (صحیح مسلم، البروالصلة، حدیث:6705(2637))
(3) حافظ ابن حجر رحمہ اللہ لکھتے ہیں: محبت کی تین قسمیں ہیں: ایک الٰہی، دوسری روحانی اور تیسری طبعی۔ اللہ تعالیٰ کا بندے سے محبت کرنا، محبت الٰہی، حضرت جبرئیل علیہ السلام فرشتوں کا اس سے محبت کرنا روحانی اور اللہ کے بندوں کا اس سے محبت کرنا محبت طبعی ہے۔ (فتح الباري:568/10)