تشریح:
(1) امام بخاری رحمہ اللہ کا قائم کردہ عنوان ایک حدیث سے ماخوذ ہے جسے انہوں نے خود ہی بیان کیا ہے، چنانچہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اچھا کردار، اچھی وضع قطع اور میانہ روی نبوت کا پچیسواں حصہ ہے۔‘‘ (الأدب المفرد، حدیث:468)
(2) حافظ ابن حجر نے غریب الحدیث کے حوالے سے لکھا ہے: حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کے شاگرد ان کے پاس جاتے اور ان کے اقوال و افعال اور حرکات و سکنات دیکھتے تو ان کی مشابہت اختیار کرنے کی کوشش کرتے۔ (فتح الباري:627/10) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ انسان کو باکمال اور اچھے لوگوں کی سیرت اختیار کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ واللہ أعلم