تشریح:
(1) امام بخاری رحمہ اللہ نے عنوان میں ایک حدیث کا حصہ منتخب کیا ہے۔ پوری حدیث اس طرح ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اللہ کے ہاں پسندیدہ نام عبداللہ اور عبدالرحمٰن ہیں۔‘‘ (صحیح مسلم، الأدب، حدیث:5587(2132)) ان ناموں کے پسندیدہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ ان میں اللہ تعالیٰ کی طرف بندگی کی نسبت کی۔ کسی بھی آدمی کے لیے بہت بڑی سعادت ہے کہ اسے ہر وقت اس عالی نسبت سے پکارا جائے۔
(2) ان دونوں ناموں کی خصوصیت یہ ہے کہ قرآن کریم میں عبد کی اضافت اللہ اور الرحمٰن کی طرف ہوئی ہے۔ ان کے علاوہ وہ نام بھی ان سے ملحق ہیں جن میں اللہ تعالیٰ کے کسی نام کی طرف عبدیت کی نسبت ہو، جیسے عبدالقیوم، عبدالجبار اور عبدالرب وغیرہ۔ واللہ أعلم