تشریح:
(1) ایک روایت میں ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ''امید ہے کہ اسے میری سفارش کی وجہ سے جہنم میں ایسی جگہ پر رکھا جائے جہاں اس کے ٹخنوں تک آگ ہو گی جس سے اس کے دماغ کا مغز جوش مارے گا۔'' (صحیح البخاري، الرقاق، حدیث:6564)
(2) امام بخاری رحمہ اللہ نے ان دونوں حدیثوں سے ثابت کیا ہے کہ مشرکین و کفار کو ان کی کنیت سے یاد کیا جا سکتا ہے، چنانچہ ایک حدیث میں عبداللہ بن ابی کی کنیت ابو حباب اور دوسری حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے چچا کی کنیت ابو طالب ذکر ہوئی ہے۔ ان کی شہرت اسی کنیت سے تھی، اس لیے انہیں نام کے بجائے کنیت سے یاد کیا گیا ہے۔ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے ابو لہب کو اس کی کنیت سے ذکر کیا ہے، ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’ابو لہب کے دونوں ہاتھ ٹوٹ گئے اور وہ خود بھی ہلاک ہو گیا۔ (اللھب: 111: 1) وہ ابو لہب کی کنیت سے مشہور تھا، اس لیے اس کا ذکر کر دیا گیا۔ ایسا کرنا ان کے احترام یا وقار کی وجہ سے نہیں بلکہ شہرت کی وجہ سے ہے۔
(3) واضح رہے کہ ابو طالب کا نام عبد مناف اور ابو لہب کا نام عبدالعزیٰ تھا۔ (فتح الباري:726/10)