تشریح:
(1) کسی کے گھر میں اجازت کے بغیر جھانکنا حرام اور انتہائی بری حرکت ہے کیونکہ اجازت لینے کا حکم نظر ہی کی وجہ سے ہوتا ہے، اگر بلا اجازت تاک جھانک کرنا ہے تو اجازت لینے کے کیا معنی؟ جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: ’’جب نظر اندر چلی گئی تو پھر اجازت کیسی۔‘‘ (سنن أبي داود، الأدب، حدیث:5173) یہی وجہ ہے کہ انسان کسی کے دروازے پر دستک دے تو ایک جانب کھڑا ہو کر دے جیسا کہ ایک حدیث میں اس کی صراحت ہے۔ (سنن أبي داود، الأدب، حدیث:5174)
(2) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اگر کوئی کسی کے گھر میں جھانکتا ہے تو گھر والا اسے سزا دے سکتا ہے جیسا کہ ایک حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس نے کسی کے گھر میں اجازت کے بغیر جھانکا، اہل خانہ نے اس کی آنکھ پھوڑ دی تو اس کا کوئی تاوان نہیں بلکہ یہ ضائع ہے۔‘‘ (صحیح مسلم، الأدب، حدیث:5642(2158))