تشریح:
(1) کسی کے گھر میں داخل ہونے کے لیے اجازت طلب کرنے کا شرعی طریقہ یہ ہے کہ دروازے کے ایک طرف کھڑے ہو کر تین مرتبہ سلام کہے، پھر اجازت طلب کرے، خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بھی اس کا اہتمام کرتے تھے۔ (سنن أبي داود، الأدب،حدیث:5186) دستک کے جواب میں دستک دینے والا اپنا نام یا عرف بتائے ''میں، میں'' کہنا خلاف ادب اور ناکافی تعارف ہے۔ دستک دینے یا گھنٹی بجانے میں بے ادبی اور بدتمیزی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے۔ اگر اجازت یا جواب نہ ملے تو بلاوجہ ناراض ہونے کے بجائے واپس آ جانا چاہیے جیسا کہ حضرت ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ کے واقعے سے معلوم ہوتا ہے۔
(2) حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی سختی بھی برموقع تھی تاکہ لوگ یقین و اعتماد کے بغیر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف کچھ منسوب نہ کرنے لگیں اگرچہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے اپنی کمی کا اعتراف کیا اور حضرت ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ کے ساتھ ہونے والے مناقشے کی تلافی بھی فرما دی تھی، چنانچہ انہوں نے فرمایا: کیا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان مجھ سے مخفی رہا ہے، ہاں مجھے بازار کے تجارتی مشاغل نے مصروف رکھا، بہرحال اے ابو موسیٰ! تم جب چاہو سلام کہہ کر آ جایا کرو اور اجازت نہ مانگا کرو۔ (سنن أبي داود، الأدب:حدیث:5182)
(3) ایک دوسری روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ کوفے میں لوگ حضرت ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ کے دروازے پر کھڑے رہتے تھے جب وہ کوفہ کے گورنر تھے۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے اس انداز سے ان کی تربیت کرنا چاہی کہ جس طرح تجھے باہر کھڑا رہنے سے تکلیف ہوئی ہے اسی طرح تجھے لوگوں کی تکلیف کا احساس کرنا چاہیے۔ (الأدب المفرد، حدیث:1073) اس کے علاوہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ اس وقت اپنے خلافت کے معاملات میں مصروف بھی تھے۔ (فتح الباري:35/11)