تشریح:
اس حدیث کا پس منظر یہ ہے کہ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا کہ اہل کتاب ہمیں سلام کہتے ہیں تو ہم انھیں کسی طرح جواب دیں؟ آپ نے فرمایا: "تم انھیں"وعلیکم" کہا کرو۔" یعنی السلام کا لفظ نہ بولا کرو۔ (سنن أبي داود، الأدب، حدیث:5207) بلکہ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ایک حدیث میں مزید وضاحت ہے کہ ایک یہودی، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس سے گزرا تو اس نے "السام علیك" کہا، یعنی آپ پر ہلاکت ہو۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے جواب میں صرف "وعلیك" کہا، یعنی تجھ پر بھی، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم سے فرمایا: ’’تمھیں معلوم ہے کہ اس نے کیا کہا تھا؟ اس نے "السام علیك" کہا تھا۔‘‘ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کی: ہم اسے قتل نہ کر دیں؟ آپ نے فرمایا: ’’نہیں، بلکہ جب تم پر اہل کتاب اس انداز سے سلام کہیں تو تم جواب میں "وعلیکم" کہہ دیا کرو۔‘‘ (صحیح البخاری، استتابة المرتدین، حدیث:6926) اسی طرح ایک روایت میں ہے کہ یہودی کو پکڑکر پوچھا تو اس نے اس بات کا اقرار کرلیا تو آپ نے فرمایا: ’’اس نے جو کہا تھا وہی اسے واپس کردو۔‘‘ (الأدب المفرد، حدیث:1105)