تشریح:
(1) حدیث کے الفاظ کا ترجمہ بایں طور ہے کہ ہر دو اذان کے درمیان نماز ہے۔ اسے اپنے ظاہر پر محمول کرنا صحیح نہیں، کیونکہ دو اذان کے درمیان تو نماز فرض ہے، جبکہ اس حدیث میں دو اذان کے درمیان نماز پڑھنے کو نماز کے صوابدیدی اختیار پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ دراصل اس حدیث میں تغلیب کے طور پر اقامت کو اذان سے تعبیر کیا گیا ہے، کیونکہ اذان نماز کے لیے دخول وقت کی اطلاع ہوتی ہے اور اقامت کے ذریعے سے عملی طور پر نماز ادا کرنے کے وقت کی اطلاع دی جاتی ہے، جبکہ اقامت کے ذریعے سے حاضرین کو متنبہ کیا جاتا ہے۔ (فتح الباري:141/2)
(2) حافظ ابن حجر ؒ نے علامہ ابن جوزی ؒ کے حوالے سے لکھا ہے: یہ حدیث ایک وہم کو دور کرنے کا فائدہ دیتی ہے کہ جس نماز کےلیے اذان دی جاتی ہے۔ شاید اس کے علاوہ اور کوئی نماز جائز نہ ہو جبکہ حدیث مذکور نے اس وہم کو دور کردیا کہ اذان کے بعد نوافل وغیرہ پڑھے جاسکتے ہیں، البتہ اقامت کے متعلق یہی اصول ہے کہ اس کے بعد صرف وہی نماز ہوگی جس کےلیے اقامت کہی گئی ہے۔ جیسا کہ حدیث میں ہے کہ جب نماز کےلیے تکبیر کہی جائے تو اس وقت وہی نماز جائز ہوگی جس کے لیے تکبیر کہی گئی ہے۔ (صحیح مسلم ،صلاة المسافرین، حدیث:1644(710))