تشریح:
(1) سید اس شخص کو کہتے ہیں جس کی طرف تمام معاملات نمٹانے کے لیے رجوع کیا جائے اور حوائج و ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اس کا قصد کیا جائے۔ چونکہ یہ دعا توبہ کے تمام معانی پر مشتمل ہے، اس لیے اسے سید الاستغفار کا نام دیا گیا ہے، نیز اس میں بندے کی طرف سے اللہ رب العالمین کے کمال عظمت و جلال کے اقرار کے ساتھ انتہائی عاجزی اور بندگی کا اظہار ہے۔
(2) حافظ ابن حجر رحمہ اللہ سنن نسائی کے حوالے سے ایک حدیث بیان کی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’سید الاستغفار ضرور سیکھو اور اسے حرز جان بناؤ۔‘‘ (سنن الکبریٰ للنسائي، حدیث: 10301، و فتح الباري: 119/11) صحیح بخاری کی دوسری روایات میں اس اعزاز کے حصول کے لیے ایک شرط بیان ہوئی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جو شخص دل کے یقین سے یہ دعا پڑھے گا اسے جنت کی بشارت ہے۔‘‘ (صحیح البخاري، الدعوات، حدیث: 6306)