تشریح:
(1) اس حدیث میں ثنا سے مراد دعا ہے جیسا کہ ایک روایت میں اس کی صراحت ہے۔ (صحیح البخاري، الأذان، حدیث: 835) اس حدیث سے ثابت ہوا کہ دوران تشہد میں دعا کی جا سکتی ہے اور تشہد نماز ہی کا حصہ ہے، لہذا امام بخاری رحمہ اللہ کا مدعا ثابت ہوا۔
(2) حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے لکھا ہے کہ دوران نماز میں چھ مقامات میں دعا کرنا ثابت ہے: ٭ تکبیر تحریمہ کے بعد۔ ٭ حالتِ قیام میں جب سیدھا کھڑا ہو۔ ٭ رکوع کی حالت میں۔ ٭ دوران سجدہ میں۔ ٭ دو سجدوں کے درمیان۔ ٭ دوران تشہد میں۔ رسول اللہ قنوت میں دعا کرتے تھے اور دوران قراءت جب آیتِ رحمت آتی تو اللہ تعالیٰ سے رحمت کا سوال کرتے اور جب آیت عذاب آتی تو اللہ تعالیٰ سے اس کی پناہ مانگتے تھے۔ (فتح الباري: 159/11) بہرحال نماز میں دعا کرنا کئی ایک احادیث سے ثابت ہے۔ واللہ أعلم