تشریح:
وادئ ابطح مکے سے باہر ایک مشہور مقام ہے۔ چونکہ امام بخاری ؒ نے اپنے عنوان میں میدان عرفات اور مزدلفہ کا ذکر کیا تھا، اس مناسبت سے بعض لوگوں کا خیال ہے کہ یہ وادی مزدلفہ میں واقع ہے، حالانکہ ایسا نہیں ہے، کیونکہ وادئ ابطح اور مزدلفہ کے درمیان کا فی مسافت ہے۔ امام بخاری ؒ کا مقصد اس حدیث سے دوران سفر میں اذان اور تکبیر کی مشروعیت کو ثابت کرنا ہے۔ (فتح الباري:150/2) البتہ امام بخاری ؒ نے اپنے عنوان میں میدان عرفات اور مزدلفہ کا ذکر کرکے شاید اس حدیث کی طرف اشارہ کیا ہے جسے حضرت جابر بن عبداللہ ؓ نے بیان کیا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے جب میدان عرفات میں نماز ظہر اور عصر کو جمع فرمایا تھا تو اس وقت حضرت بلال ؓ نے اذان اور اقامت کہی تھی۔ (صحیح مسلم، الحج، حدیث:2950(1218)) اسی طرح حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ سے مروی ہے کہ انھوں نے مزدلفہ میں نماز مغرب اذان اور اقامت کے ساتھ پڑھی، پھر نماز عشاء کےلیے بھی اذان اور اقامت کہنے کا اہتمام کیا، پھر فرمایا: میں نے رسول اللہ ﷺ کر ایسا کرتے دیکھا ہے۔ (صحیح البخاري، الحج، حدیث:1675) لیکن احادیث سے پتہ چلتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے مزدلفہ میں ایک اذان اور دودفعہ اقامت کے ساتھ نماز مغرب اور عشاء کو جمع کر کے پڑھا تھا۔ والله أعلم.