تشریح:
اس حدیث میں اگرچہ أرذل العمر کے الفاظ ہیں، لیکن الهرم سے مراد ارذل العمر ہی ہے، جس میں انسان بالکل ناکارہ ہو جاتا ہے۔ اس میں انسان کا حافظہ کمزور اور بعض دفعہ عقل بھی ماؤف ہو جاتی ہے۔ قرآن کریم میں ہے: ’’تم میں سے کچھ ایسے بھی ہیں جو بدترین عمر کی طرف لوٹا دیے جاتے ہیں۔‘‘ (النحل: 170) حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی اس حدیث کی بعض روایات میں الهرم کے بجائے أرذل العمر کے الفاظ ہیں۔ (صحیح البخاري، التفسیر، حدیث: 4707) عمر کی اس حد تک درازی کہ ہوش و حواس قائم رہیں اور آخرت کی کمائی کا سلسلہ جاری رہے اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے لیکن ایسا بڑھاپا جو انسان کو بالکل ہی بے کار کر دے ایسی ہی چیز ہے جس سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پناہ مانگی ہے۔ حدیث میں هرم (بڑھاپے) کا یہی درجہ مراد ہے۔ واللہ أعلم