تشریح:
(1) امام بخاری رحمہ اللہ نے قبل ازیں ضمنی طور پر فتنۂ دنیا سے پناہ کے لیے ایک عنوان قائم کیا تھا: (باب الاستعاذة من أرذل العمر، ومن فتنة الدنيا، ومن فتنة النار) ''ناکارہ عمر، دنیا کی آزمائش اور فتنۂ جہنم سے پناہ مانگنا'' (صحیح البخاري، الدعوات، باب: 44) لیکن فتنۂ دنیا بہت ہمہ گیر، گھمبیر اور سنگین ہے، اس لیے مستقل طور پر اس کے متعلق عنوان قائم کیا ہے۔
(2) یہ دعا بہت اہم ہے۔ اس میں ذکر کردہ کمزوریوں سے بچنے کی پوری پوری کوشش کی جائے۔ اس کے معانی و مطالب پر خوب غور کیا جائے، پھر نہایت خلوص اور انہماک سے اللہ تعالیٰ کے حضور پیش کی جائے۔ طوطے کی طرح اسے رٹ لینے سے کام نہیں چلے گا۔ واللہ المستعان