تشریح:
(1) ایک روایت میں ہے: ''وہ آگ سے داغ دے کر اپنا علاج نہیں کریں گے۔'' (صحیح البخاري، الطب، حدیث: 5705) بعض حضرات نے اس حدیث سے یہ مفہوم کشید کیا ہے کہ وہ خوش قسمت حضرات اسباب کا استعمال کر کے اللہ تعالیٰ پر توکل کرنے والے ہوں گے۔ امام بخاری رحمہ اللہ ان کی تردید کرنا چاہتے ہیں کہ اگر حدیث کا یہ مقصد ہوتا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس کی صراحت فرما دیتے لیکن اس حدیث میں صرف تین چیزوں کا ذکر ہے: آگ سے داغ دے کر علاج کروانا۔ دم کا مطالبہ کرنا اور بدشگونی لینا۔
(2) یہ اسباب خود شریعت میں ممنوع ہیں تو حدیث کا مفہوم یہ ہے کہ یہ بندے وہ ہوں گے جو اپنے مقاصد اور ضروریات میں اللہ تعالیٰ پر اعتماد اور بھروسا کرنے کی وجہ سے ان اسباب کو استعمال نہیں کرتے ہوں گے جو اللہ تعالیٰ کو ناپسند ہیں، اس لیے مطلقاً اسباب کو ترک کرنا حدیث کا مقصد نہیں ہے۔ حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی نے بھی حدیث کا یہی مفہوم بیان کیا ہے۔ (حجة اللہ البالغة: 92/2)
(3) اس حدیث کو صرف پیش گوئی پر ہی محمول نہ کیا جائے بلکہ حدیث کا اصل منشا یہ ہے کہ لوگ اپنی زندگی کو معیاری توکل والی زندگی بنانے کی کوشش کریں تاکہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جنت میں بے حساب جانے والوں کی فہرست میں ان کا نام آ جائے۔ اللهم اجعلنا منهم۔ آمين يا رب العالمين