تشریح:
(1) حدیث میں لفظ ''الأمر'' آیا ہے، اس سے مراد وہ امور ہیں جن کا تعلق حکومت و امارت اور قضا و افتا سے ہو۔ جب اہم منصب ایسے لوگوں کے سپرد کر دیے جائیں جیسا کہ آج کل جمہوری دور میں ہو رہا ہے تو قیامت کا ظہور قریب ہو گا۔
(2) شارح صحیح بخاری ابن بطال رحمہ اللہ فرماتے ہیں: اللہ تعالیٰ نے حکومت کے ذمہ داروں کو یہ امانت سونپی ہے کہ وہ اہم مناصب دیانت دار اور ایمان والوں کے حوالے کریں، اگر حکومت کے ذمہ دار ایسا نہیں کریں گے تو وہ اللہ تعالیٰ کے ہاں خائن ٹھہریں گے۔ (فتح الباري: 406/11) دور حاضر میں یہ بات روز روشن کی طرح دیکھی جا سکتی ہے کہ حکومت کے اہم مناصب نالائق لوگوں کے سپرد ہیں اور وہ قومی خزانے کو جی بھر کر لوٹ رہے ہیں۔ أعاذنا الله منه