تشریح:
(1) حساب کتاب کے وقت جس انسان پر جرح و قدح کی گئی کہ تو نے یہ کام کیوں کیا اور یہ کام کیوں چھوڑا تو ایسے انسان کی تباہی یقینی ہے، البتہ حساب يسير خوش بختی کی علامت ہے جیسا کہ ایک حدیث میں اس کی وضاحت ہے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے بعض نمازوں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ دعا کرتے سنا: ’’اے اللہ! میرا حساب آسان فرما۔‘‘ میں نے عرض کی: اللہ کے رسول! آسان حساب کا مطلب کیا ہے؟ آپ نے فرمایا: ’’اے عائشہ! آسان حساب یہ ہے کہ بندے کے نامۂ اعمال پر سرسری نظر ڈالی جائے اور اس سے درگزر کی جائے۔ عائشہ! جس کے حساب میں باریک بینی سے کام لیا گیا اور اس دن جرح و قدح کی گئی تو وہ ہلاک ہو جائے گا۔‘‘ (مسند أحمد: 48/6)
(2) حدیث نجوی میں بھی یہی مضمون بیان ہوا ہے، چنانچہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تم میں سے کوئی شخص اپنے رب کے قریب ہو گا اللہ تعالیٰ اس پر اپنا پردہ ڈال کر فرمائے گا: تو نے فلاں، فلاں عمل کیا تھا؟ بندہ ہاں میں جواب دے کر ان کا اقرار کرے گا، پھر اللہ تعالیٰ فرمائے گا: میں نے دنیا میں تجھ پر پردہ ڈالا تھا اور آج بھی تجھے معاف کرتا ہوں۔‘‘ (صحیح البخاري، التوحید، حدیث: 7514)